زکات فطرہ

السلام علیکم

فطرہ کے متعلق آیت اللہ سیستانی سے کیئے گئے سوالات اور جوابات

1-سوال:

فطرہ کس وقت نکالنا لازم ہے؟

جواب:

جو شخص نماز عید پڑھنا چاہتا ہے احتیاط واجب کی بنا پر فطرہ نماز سے پہلے ادا کرے ، لیکن جو شخص نما‍‍ز عید نہیں پڑھنا چاہتا وہ فطرہ دینے میں عید کے دن اذان ظہر تک تاخیر کر سکتا ہے۔

2- سوال:

آیا زکوٰۃِ فطرہ اداکرنے میں قصدِ قربت کرنا واجب ہے

جواب:

واجب ہے ۔

3- سوال:

آیا فقیرپہ بھی فطرہ دینا واجب ہے؟ اور شرعا فقیر سے کیا مراد ہے؟

جواب

‎واجب نہیں۔اور فقیر سے مراد ایسا شخص ہے جس کے پاس نہ فی الحال سال کا خرچ ہو اور نہ وہ آئندہ کمانے کی صلاحیت رکھتا ہو۔

4- سوال:

آیا شب ِعید آنے والے ہر مہمان کا فطرہ اس کے میزبان پہ واجب ہوتا ہے ؟ *

جواب:

اگر مہمان عرفاً میزبان کی کفالت میں شمار ہو(یعنی اپنی معیشت میں اس میزبان کی کفالت میں شمار ہو ) تو میزبان پہ مہمان کا فطرہ واجب ہوتا ہے۔

5- سوال:

کب زکوٰۃ فطرہ نکال کر رکھنا واجب ہوتا ہے؟

جواب:

شب عید داخل ہونے پہ فطرہ نکال کر رکھنا واجب ہے

6- سوال:

آیا فطرۃ نکال کر رکھنے کے عمل کو روزِ عید تک مؤخر کرنا جائز ہے ؟ *

جواب:

جو شخص نمازِ عید نہ پڑھے اس کے لئے عید کے روز زوال آفتاب تک فطرہ نکال کر رکھنے کے عمل کو مؤخر کرنا جائز ہے لیکن جو نماز ِ عید پڑھے اس کے لئے بناء بر احتیاطِ لازم فطرہ نکالنے کو نماز ِ عید سے مؤخر کرنا جائز نہیں۔

7- سوال:

اگر مکلف فطرہ نکال کر رکھ دے تو آیا اس کے لیے اسکی فوری ادائیگی واجب ہے یا اس میں تاخیر کی جا سکتی ہے ؟ *

جواب:

اگر فطرہ نکال کر رکھ دیا جائے تو کسی عقلائی غرض سے اس کی ادائیگی میں تاخیر جائز ہے

8- سوال:

اگر کوئی زوال آفتاب تک فطرہ نہ نکالے تو وہ اسکی ادائیگی کی نیت کیا کرے گا ؟ *

جواب:

اس کے بعد وہ قربت مطلقہ کی نیت سے ادا اور قضا کی نیت کے بغیر فطرہ اداکرے گا ۔

9- سوال

شکم ِ مادر میں موجود بچے کا فطرہ نکالنا واجب ہے ؟

جواب:

واجب نہیں۔

10- سوال

زکوٰۃ فطرہ کی مقدار کتنے کلو ہے ؟ *

جواب:

اس ملک میں رائج تین کلو طعام

11- سوال:

مکلف پہ اس کا فطرہ فقیہ تک پہنچانا واجب ہے یا فقراء تک ؟

جواب:

مالک خود جا کر فقراء کو بھی اپنا فطرہ دے سکتا ہے اور احتیاطِ مستحبا ور افضل ہے کہ فقیہ کو دیا جائے۔

12- سوال:

اگر شب ِ عید کسی کے ہاں بچہ پیدا ہو تو آیا اس بچے کے والد پہ اس بچے کا فطرہ واجب ہے؟ *

جواب:

اگر غروب کے بعد پیدا ہو تو اسکا فطرہ واجب نہیں۔

اگر قبل از غروب پیدا ہو اور اپنے والد کی کفالت میں شمار ہو تو اس کے والد پہ اسکا فطرہ واجب ہے

13- سوال:

آیا کسی عاصی کو زکوٰۃ فطرۃ دینا جائز ہے ؟ *

جواب:

بناء بر احتیاطِ لازم بے نماز ،شرابی اور کھلم کھلا فسق کرنے والے کو فطرہ نہ دیا جائے۔

14- سوال:

آیا ایسے شخص کو زکوۃ فطرہ دینا جائز ہے جس کا نفقہ فطرہ دینے والے پہ واجب ہو جیسے کہ ماں ،باپ،بیوی یا اولاد؟ *

جواب:

کسی صورت جائز نہیں۔

15- سوال:

زکوۃ فطرہ کسے دی جانی چاہئیے ؟

جواب

بناء بر احتیاطِ لازم زکوٰۃ فطرۃ کے مستحق فقط فقراء اور مساکین ہیں۔

16- سوال:

آیا کسی غیر ہاشمی کے لئے اپنا فطرۃ کسی ہاشمی کو دینا اور اس کے برعکس جائز ہے ؟ *

جواب

غیر ہاشمی کا فطرہ ہاشمی پہ حرام ہے جبکہ ہاشمی کا فطرہ ہاشمی و غیر ہاشمی ہر ایک کے لئے حلال ہے۔

17- سوال:

آیا فقیر پہ واجب ہے کہ زکوۃ فطرہ کے مال سے فقط کھانا ہی خریدے ؟ *

جواب:

فقیر پہ فطرے کے مال سے کھانا خریدنا واجب نہیں

18- سوال:

اگر مکلف زکوۃ فطرہ نکال کر رکھ دے تو آیا اس کے لیے اسے تبدیل کرنا جائز ہے ؟ *

جواب:

نہیں،کیونکہ فطرہ اگر الگ کر دیا جائے تو معین ہو جاتا ہے اور اسے کسی اور مال سے تبدیل کرنا جائز نہیں۔

19- سوال:

آیا فقیر کو بتانا واجب ہے کہ جو مال اسے دیا جا رہا ہے وہ فطرہ ہے ؟ *

جواب:

اسے بتانا واجب نہیں کہ یہ فطرہ ہے ۔

20-سوال:

ایک شخص نے ریسٹورینٹ میں لوگوں کی دعوت کی اس بات سے بے خبر کہ کل عید ہے، دعوت کے بعد معلوم ہوا کہ شب عید تھی تو کیا مہمانوں کا فطرہ میزبان کے ذمہ ہے؟

جواب:

مہمانوں کا فطرہ اس سوال کے مطابق میزبان کے ذمہ نہیں ہے۔

والسلام

روبی عابدی

تبصرہ کریں