زبان

“زبان”

جو زخم زبان سے لگتا ہے اُسے دنیا کا کوئی مرہم ٹھیک نہیں کر سکتا

اور جو مرہم زبان لگاتی ہے دنیا میں کوئی تریاق ایسا تیار ہی نہیں ہوا،

بات کا زخم ہے تلوار کے زخموں سے سوا

کیجیے قتل مگر منہ سے کچھ ارشاد نہ ہو

(داغ دہلوی)

اسکول میں پہلی کلاس کا ایک سبق تھا پہلے تولو، پھر بولو۔

تلوار کا زخم بھر جاتا ہے، مگر زبان سے لگایا ہوا زخم کبھی مندمل نہیں ہوتا۔ زبان سے نکلنے سے پہلے الفاظ انسان کے تابع ہوتے ہیں، مگر جب الفاظ زبان سے نکل جاتے ہیں تو انسان اپنے ہی الفاظ کا تابع ہوجاتا ہے۔

اردو کی کہاوت ہے کہ “زبان ہی پھانسی چڑھائے، زبان ہی سر کٹوائے۔”

٭ ایک عربی شعر کا مفہوم ہے کہ “نیزوں کا زخم بھر جاتا ہے لیکن جو زخم زبان سے لگے، وہ مشکل سے بھرتا ہے

٭ چینی کہاوت ہے کہ “منہ کا دہانہ، تمام مصیبتوں کا سرچشمہ ہے۔”

٭ فارسی کہاوت ہے کہ “زبان عمر کو چھوٹا کرتی ہے، جبکہ زبان سر کی نگہبان بھی ہے۔”

٭ شامی کہاوت ہے کہ “بڑی زبان والا آدمی قینچی کی مانند ہے، جو چمڑی کے سوا کچھ نہیں کاٹتی۔”

حدیث ہے کہ

“ انسان اپنی زبان کے پیچھے چھپا ہے۔‘‘

انسانی فطرت ہے کہ جو چیز اس کے نزدیک قیمتی ہوتی ہے، اسے وہ بڑی حفاظت سے رکھتا اور احتیاط سے استعمال کرتا ہے۔ اسے سوچ سمجھ کر خرچ کرتا ہے، تاکہ کہیں ختم نہ ہوجائے۔ اﷲ تعالی نے زبان کی تخلیق میں انسانی فطرت کو ملحوظ خاطر رکھا۔ اسے بتّیس دانتوں کے حصار اور دو ہونٹوں کے اندر حفاظت سے رکھ دیا اور یہ درس دیا کہ:

وَقُل لِّعِبَادِي يَقُولُوا الَّتِي هِيَ أَحْسَنُ ۚ

اور میرے بندوں سے کہہ دیجئے کہ صرف اچھی باتیں کیا کریں۔۔

(سورہ الاسراء/سورہ بنی اسرائیل کا ایک حصہ۔ 53)

اسی طرح خود نبی کریم صلی ﷲ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا:

’’بندہ جب تک اپنی زبان کی حفاظت نہ کرلے ایمان کی حقیقت کو حاصل نہیں کرسکتا۔‘‘

“انسان کی اکثر غلطیاں اس کی زبان سے ہوتی ہیں۔‘‘

زبان کے گناہ بہت زیادہ ہیں اور ہر ایک پر مستقل وعید بیان فرمائی گئی ہے۔ غیبت، چغلی، لعن طعن، بہتان، غصہ، حسد، فحش گوئی، گالم گلوچ اور برے القاب یہ زبان کے ایسے گناہ ہیں جو ہر زبان زد عام اور ان کو گناہ ہی نہیں جانا جاتا۔ جب کہ ان میں سے ہر ایک پر ﷲ تعالی نے سزا مقرر کی ہے۔

اس لئے ہمیں چاہئے کہ ہمیشہ زبان سے اچھی بات کیا کریں اور بری باتوں سے بچیں۔

اللہ عزوجل ہم سب کو زبان کی حفاظت اور بری باتوں سے بچنے کی توفیق عطا فرمائے۔

آمین یا رب العالمین

"وَالسَّلَامُ عَلٰى مَنِ اتَّـبَعَ الْـهُدٰى”

(سورہ طہ-47)

التماسِ دعا

"روبی عابدی”

تبصرہ کریں