حضرت محمد مصطفےٰ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم صرف رسول اللّٰہ یا محمدٌ بھی!
(پانچویں پوسٹ)
بعض لوگ خیال کرتے ہیں کہ جہالت ، تاریخ کے محض کسی خاص دور سے مخصوص ہے اور اس کو دور جہالت کا نام دیا گيا ہے اور عالم بشریت اس دورسے گزر چکاہے
لیکن حقیقت یہ ہے کہ ہر وہ زمانہ جب انسان ، انسانیت کی حدوں سے دور ہوجاتا ہے اور نفسانی خواہشات کی پیروی کرنے لگتا ہے جہالت کے دائرے میں پہنچ جاتاہے اور دنیااسے اپنا اسیر بنا لیتی ہے چاہے وہ کوئی بھی دور اور زمانہ ہواور کسی بھی نئی شکل میں کیوں نہ جلوہ گر ہوئی ہو ۔ اس وقت بھی ، دنیا جس بحران سے دوچار ہے اس کو عصر حاضر کے انسان کی جہالت ، خود غرضی اور وحشت کے علاوہ کیا کوئی اور نام دیا جاسکتا ہے؟
فَهُوَ الَّذِیْ تَمَّ مِعْنَاهُ وَصُوْرَتُهُ
ثُمَّ اصْطَفَاهُ حَبِيْبًا بَارِيئُ النَّسَمِ
”پس آپ وہ (ذاتِ اتم) ہیں جن کے ظاہری و باطنی کمالات مکمل ہوئے تو خالقِ ارواح نے انہیں اپنا منتخب محبوب بنا لیا۔“
( بوصیری)
بلاشبہ دنیا کو انسانیت و معرفت کے دائرے میں ایک نئے انقلاب اور تغییر کی ضرورت ہے، وہ انقلاب جو چودہ سو سال قبل، اللّٰہ کے رسول محمد مصطفیٰ صلی اللّٰہ علیہ و آلہ و سلم نے شروع کیا تھا اور جس کے راہ نما پیغامات آج بھی اضطراب و بے چینی کے شکار انسان کو عدل و انصاف اوراخلاق کی راہ دکھا سکتے ہیں ۔اس کے پیغامات میں ہمیشہ زندگی اور تازگی موجود رہی ہے
ایک مسلمان عالم و دانشور کے بقول :
جس طرح ایک درخت کے لئے پہلے انسان کسی مناسب زمین پر بیج ڈالتا ہے اور پھر پودا ٹہنیوں اور پتیوں میں تبدیل ہو کر جب بڑھتا ہے تو پھول اور پھل وجود میں آئے ہیں اور اس میں ویسے ہی دانے اگتے ہیں کہ جیسے بیج کی صورت میں انسان نے زمین کے حوالے کئے تھے ۔
اسی شکل میں پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللّٰہ علیہ و آلہ و سلم کے پیغام کاایک دائرہ ہے جو گھومتا رہتا ہے اور ہمیشہ اس سے پھول اور پھل شگوفہ آور ہوتے رہتے ہیں ۔ بہر حال پیغمبر اسلام صلی اللّٰہ علیہ و آلہ وسلم کی تاریخ ولادت ہر سال اس اہم حقیقت کی یاد دلاتی ہے کہ ہر انسان کا فریضہ ہے کہ اسی روز سے اپنے اندر ایک دوسرے انسان کی تعمیر شروع کردے اور عشق خدا و رسول کے ساتھ سچائی اور معنویت کی راہ پر قدم بڑھانے کے لئے تیار ہو جائے
“اقتباس”
حضرتٌ کی صداقت کی عالم نے گواہی دی
پیغام الہی ہے پیغام محمد ۖ کا
تصویر حقیقت ہے اک درس محبت کا
ہر بات محمد ۖ کی ہر کام محمد ۖ کا
(راجندر بہادر موج )
اللّٰہ تعالیٰ ہم سب کی توفیقات میں اضافہ فرمائے۔
"آمین یا رب العالمین "
وَالسَّلَامُ عَلٰى مَنِ اتَّـبَعَ الْـهُدٰی
سورہ طہ "47”
التماسِ دعا
"روبی عابدی”
