20 جمادی الثانی ہماری اور ہماری فیملی کی طرف سے بی بی جناب فاطمہ سیدہ طاہرہٌ کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے تمام عالم اسلام خصوصاً خانوادہ رسالت ص ہمارے امام عصر عج، مراجع عظام تمام مومنین و مومنات کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
ولادت حضرت فاطمہ زہرا (س)کو یوم خواتین کے عنوان سے منانا در اصل خواتین کیلئے ایک زیباترین اور مقدس ترین آئیڈیل کا انتخاب ہے۔
گلدستہ جناں کی شرافت ہیں فاطمہْ
اور لا مکان کا جاہ و جلالت ہیں فاطمہْ
لا ریب کائنات کی غایت ہیں فاطمہْ
سر خیل دینِ نور شریعت ہیں فاطمہً
برج شرف میں گوہر یکتا و لا جواب
خالق کی ذات پاک پہ آیت ہیں فاطمہً
خواتین کو جتنا احترام دین اسلام نے دیا ہے اتنا دنیا کے کسی دوسرے مذہب نے نہیں دیا،
کسی بھی معاشرے کا اصلاح و فساد اُس معاشرے کی خواتین کے اصلاح و فساد پر منحصر ہوتا ہے۔
حضرت فاطمہ زہرا (س)ايک ایسی بے مثل خاتون ہیں کہ ہم سب کو اُن کی سیرت کو اپنانا چاہئیے۔
خاتون اگر چاہے تو معنوی کمالات کو حاصل کرکے اولیائے اللّٰہ کے مقام کو بھی حاصل کرسکتی ہے
جب ایک خاتون اپنے ایمان اور اسلام کی خاطر اپنی جان تک دینے کو تیار ہوجائے تو يہ اُس کی آزادی کا عروج ہے۔
ایک با ایمان خاتون کا فقط اپنے زر و زیور کی فکر ميں رہنا کسی عیب سے کم نہيں ۔
حضرت فاطمہ (س) کی ذات مقدس خواتین کیلئے کائنات کا سب سے بہترین نمونہ ہے۔
بقائے اسلام کا اصلی راز فاطمہ زہرا(س) کے ذریعہ ہے۔
سيدہ کونين کا احترام دراصل ايمان ، تقویٰ ، ادب ، شجاعت ،ايثار ، جہاد ، شہادت اور
ايک لفظ ميں مکارم اخلاق کا احترام ہے
پیغمبر اکرم حضرت محمد مصطفی(ص) نے ایک طویل حدیث کے ضمن میں ارشاد فرمایا:
«ابنتی فاطمة و إنّہا لسیدة نساء العالمین، فقیل یا رسول اللّہ ! أ ہی سیدة نساء عالمہا؟ فقال(ص) ذاک لمریم بنت عمران فأمّا ابنتی فاطمة فہی سیدة نساء العالمین مِن الاولین و الاخرین و انّہا لتقوم فی محرابہا فیسلّم علیہا سبعون ألف ملک مِن الْمقربین و ینادونہا بما نادتْ بہ الملائکةُ مریمَ فیقولون: یا فاطمة، إنّ اللّہ اصطفیکِ و طَہّرکِ و اصْطفیکِ علی نساء العالمین؛(محمدباقرمجلسی، بحارالانوار، (بیروت: مؤسسةالوفاء، 1983م)، ج43، ص24، ح20۔)
میری بیٹی فاطمہ (س) عالمین کی خواتین کی سردار ہیں ؛
کہا گیا کہ: اے رسول اللّٰہ (ص)! کیا سیدہ فاطمہ (س) اپنے زمانے کی خواتین کی سردار ہیں؟
حضرت رسول اللّٰہ (ص) نے فرمایا: مریم بنت عمران اپنے زمانے کی خواتین کی سردار تھیں لیکن میری بیٹی فاطمہ (س) اولین سے آخرین تک تمام عالمین کی خواتین کی سردار ہیں ؛ جب فاطمہ (ع) محراب عبادت میں عبادت کے لئے کھڑی ہوتی ہیں ستر ہزار مقرّب فرشتے ان پر درود و سلام بھیجتے ہیں اور مریم کی مانند انہیں ندا دیتے ہیں : اے فاطمہ! بلاشبہ اللّٰہ نے تمہیں منتخب کیا ہے اور تمہیں پاک وپاکیزہ بنایاہے اور تمہیں تمام جہانوں کی عورتوں سے منتخب قرار دیا ہے۔ »
اگر ہم چاہتے ہيں کہ حضرت فاطمہ(س) کی سیرت پر عمل کریں تو لازم ہے کہ اپنی آغوش ميں حسنٌ وحسینٌ اور زینبٌ جیسی ہستیوں کی مثل افراد کو تربیت دیں ۔
ہميں شہزادی کونين کی محبت کے احساس کو اپنی زندگی ميں شامل کرنا چاہئيے ۔
٭کوشش کرنا چاہئے کہ حضرت زہراٌ کے سچے پيرو بن سکيں۔
تاريخ ميں اسلام کے نقوش ، اولادزہرا(س) کے ذريعہ باقی رہے۔
حسن سیرت کے لئے خوبی سیرت ہے ضرور
گل و ہی گل ہے جو خوشبو بھی دے رنگت کے سوا
اس خوشی کے موقع پہ یہی دعا ہے اپنے پروردگار سے کہ جلد از جلد امام زمان عج کا ظہور فرمائے اور ہم سب کو انکے انصار و محبوں میں شامل کرے،
"آمین یا رب العالمین”
“وَالسَّلَامُ عَلٰى مَنِ اتَّـبَعَ الْـهُدٰى”
(سورہ طہ-47)
“التماسِ دعا "
"روبی عابدی”


