باپ زینہ ہے جو لے جاتا ہے اونچائی تک
ماں دعا ہے جو صدا سایہ فگن رہتی ہے
(سرفراز )
ہمارے والدین کے انتقال کے بعدپچھلے دنوں ہمارے پھپھی اور پھپھا (ساس اور سسر) ہمارے خاندان کا واحد بزرک جوڑا والدین کی طرح مہربان اور محبت بانٹنے والے ایک ساتھ داغِ مفارقت دے گئے اور یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ والدین سے زیادہ شفیق سایہ کوئی نہیں ہوتا مگر یہ بھی اس حقیقت میں بہت اہم ہے کہ یہ سایہ ہماری زندگیوں میں ہی ہم سے جدا ہوجاتا ہے اور ہم نے یہ سایہ دوسری دفعہ کھودیا لیکن اللّٰہ کی رضا میں راضی ہیں
پھپھی پھپھا اپنی اولادوں کے لئے تو وہ والدین تھے لیکن ہم سب بہن بھائیوں کے لئے والدین اور سرپرست کا درجہ رکھتے تھے
پھپھا پچیس مارچ دو ہزار اکیس ( گیارہ شعبان ) اور پھپھی انتیس مارچ دو ہزار اکیس (پندرہ شعبان) کو صرف چار دن کے وقفے سے رضائے الہی سے اس دارِ فانی سے کوچ کر گئے ہیں اور ہم بہن بھائی ایک دفعہ پھر یتیم ہوگئے ہمارے سروں سے سائبان ہٹ گیا یوں لگا کہ سر سے آسمان اور پیر سے زمین جدا ہوگئی
ان کا اٹھنا نہیں ہے حشر سے کم
گھر کی دیوار باپ کا سایا
غلافِ خانہِ کعبہ کبھی جز دان لگتا ہے
دوپٹہ ماں کے سر پر سورہِ رحمن لگتا ہے
بہاریں دین و دنیا کی اسی آنچل سے لپٹی ہے
نہ ہو گھر میں قدم ماں کا تو گھر ویران لگتا ہے
ان دونوں کے سوئم کی مجلس میں مولانا ذکی باقری نے ایک بہت اچھی بات کہی جس کو سن کے آج اس موضوع پہ قلم اٹھایا
انہوں نے کہا:
اکثر کسی کے والدین کا انتقال ہوتا ہے تو فورا پوچھا جاتا ہے سن کیا تھا ایک بات ہمیشہ یاد رکھیں ماں، باپ، بہن اور بھائی کا کوئی سِن نہیں ہوتا (مولانا ذکی باقری)
انہوں نے سچ کہا ہے والدین ہم سے کسی بھی عمر میں بچھڑیں وہ صرف والدین ہوتے ہیں اور ان کی جوانی یا بڑھاپا اس محبت میں کمی یا زیادتی نہیں کرتا۔
ہمارا خیال ہے کوئی بھی رشتہ ہو والدین کا بہنوں بھائیوں کا یا اولاد کا۔ ان رشتوں میں عمر کا کوئی عمل دخل ہوہی نہیں سکتا۔ یہ جس عمر میں بچھڑیں جذبات و احساسات ایک ہی ہوتے ہیں ہم چاہے بچہ ہوں یا بوڑھے ہوں
ہمارے والدین سائبان ہیں
تو بہن بھائی محبتوں کے امین ہوتے ہیں
اور اولاد ہمیشہ سہارا ہوتی ہے
ایک شخص نے عرض کیا
یا رسول اللّٰہ! نیکی کس سے کروں؟
فرمایا۔اپنے ماں باپ سے کرو۔
اس نے کہا: وہ تو فوت ہو چکے ۔
فرمایا: پھر اولاد سے کرو۔
کیونکہ جس طرح ماں باپ کے حقوق ہیں اسی طرح اولاد کے بھی تو حقوق ہیں
اِنَّمَاۤ اَمۡوَالُکُمۡ وَ اَوۡلَادُکُمۡ فِتۡنَۃٌ ؕ وَ اللّٰہُ عِنۡدَہٗۤ اَجۡرٌ عَظِیۡمٌ
تمہارے اموال اور تمہاری اولاد بس آزمائش ہیں اور اللّٰہ کے ہاں ہی اجر عظیم ہے۔
(سورہ التغابن /15)
وَ اللّٰہُ عِنۡدَہٗۤ اَجۡرٌ عَظِیۡمٌ: اگر اللّٰہ کی رضایت کی خاطر مال اور اولاد کی آزمائش میں کامیابی حاصل کرو تو اللّٰہ کے پاس سے جو ثواب ملے گا وہ دنیا کے مال و اولاد سے عظیم ہو گا
یاد رکھیں سسکی سے شروع ہوکر ہچکی پہ ختم ہونے والے مختصر سفر کو زندگی کہتے ہیں اس مختصر سفر میں اپنے والدین کو کبھی کوئی دکھ نہ دیں۔
عنوان ہے محبت اور کتاب ہے زندگی
ماں باپ کے بغیر عذاب ہے زندگی
ہماری دعا ہے پروردگار ہمارے دونوں والدین کے ساتھ ساتھ جس جس کے والدین بچھڑ چکے ہیں ان سب کی مغفرت فرما اور جن کے حیات ہیں ان کا سایہ ان کے سروں پہ تاقیامت قائم رکھ اور ان اولادوں کی توفیقات میں اضافہ فرما کہ وہ والدین کی خدمت میں کسی بھی طرح کی کوتاہی کا شکار نہ ہوں آمین یا رب العالمین
وَالسَّلَامُ عَلٰى مَنِ اتَّـبَعَ الْـهُدٰى
(سورہ طہ-47)
التماسِ دعا "
“روبی عابدی”

Allah se dua he ke marhumain ki magfirat ata farma aur mutalqin ku sabre jamil de.
پسند کریںLiked by 1 person
تشکر
آمین یا رب العالمین
پسند کریںLiked by 1 person