”موتِ العالِم موتِ العالَم“

إِنَّا لِلَّهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ
(سورہ البقرہ/۱۵۶)
آیۃ اللّٰہ العظمیٰ سید محمد سعید طباطبائی الحکیم نے نجف اشرف عراق میں داعی اجل کو لبیک کہا۔ دل کا دورہ پڑنے سے 87 ؍سال کی عمر میں 3؍ستمبر مطابق 25؍ محرم الحرام کو بروز جمعہ خالق حقیقی سے جا ملے۔۔
رسول اللّٰہ کا فرمان
”ایک عالِمِ دین کی موت پورے عالَم کی موت ہے۔“
اگر ایک عالِمِ دین دنیا سے رخصت ہو جاتا ہے تو اس علاقہ کی عوام اس عالِم کی موت کے باعث علمی روشنی سے محروم ہو جاتی ہے،ایک عالِم کی موت ایک مصیبت ہے جس کی تلافی ممکن نہیں ہوسکتی اور ایسا نقصان ہے جو پورا نہیں ہوسکتا. عالَم ایسا ستارہ ہے جو موت کی وجہ سے بے نور ہوگیا۔
ایک بڑا خسارہ اور ایک عہد کا خاتمہ ہے
حدیث میں ہے کہ جب کسی عالِم کی موت ہوتی ہے تو دیوارِ اسلام میں ایسا شگاف پیدا ہو جاتا ہے جسے قیامت تک کوئی چیز پر نہیں کر سکتی ،اس کے ساتھ اس وقت ہم یہ اضافہ کرنا چاہیں گے کی علم و حکمت کی ایک عالیشان عمارت جن چار ستونوں پر قائم تھی اس کا ایک مضبوط ستون ہی منہدم ہوگیا۔
آیۃ اللّٰہ العظمیٰ سید محمد سعید طباطبائی الحکیم عراق کے مراجع اربعہ ( یعنی آیۃ اللّٰہ العظمیٰ سید علی سیستانی مدظلہ ،آیۃ اللّٰہ العظمیٰ شیخ بشیر نجفی مد ظلہ ،آیۃ اللّٰہ العظمیٰ شیخ محمد فیاض مڈظلہ اور خود مرحوم طاب ثراہ ) میں نہایت بزرگ اور قدر و منزلت کے حامل گردانے جاتے تھے جن کی عراق میں رسمی اور قانونی اعتبار سے بے حد عزت و شہرت و مقبولیت ہے۔
آیۃ اللّٰہ العظمیٰ سید محمد سعید طباطبائی الحکیم عراق کے الحکیم خاندان کے وہ روشن چشم و چراغ تھے جس کا شیعہ قوم و مذہب پر بڑا احسان ہے۔ جن کے علمی و نورانی فیوض و برکات سے جہانِ تشیع پر نور و معمور ہے۔اس خاندان نے شیعہ قوم کو بڑے بڑے عالم ہی نہیں بلکہ اعلم دیئے ہیں

ورق تمام ہوا اور مدح باقی ہے
سفینہ چاہیے اس بحر بیکراں کے لیے
(مرزا غالب)

ہماری اور ہماری فیملی کی جانب سے مرحوم کے جملہ پسماندگان ،خانوادہ الحکیم،طلاب علوم دینیہ ، علمائے دین و مراجع کرام ،تمام شیعیان جہان، بالخصوص حضرت ولی عصر امام زمانہ عجل اللّٰہ فرجہ الشریف کی بارگاہ میں عظیم مرجع تقلید کی وفات حسرت آیات پر دلی تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہوئے دعا گو ہیں کہ رب العالمین مرحوم کو جوار اہل بیت علیھم السلام میں جگہ مرحمت فرمائے اور جملہ پسماندگان کو صبر جمیل عنایت فرمائے ۔
آمین یا رب العالمین

“وَالسَّلَامُ عَلٰى مَنِ اتَّـبَعَ الْـهُدٰى”
(سورہ طہ-47)
”روبی عابدی“

تبصرہ کریں