” مومن کون “

” مومن کون“
مسعدہ بن صدقہ کا بیان ہے کہ امام جعفر صادق علیہ السلام سے مومن کے بارے میں پوچھا گیا
آپ نے فرمایا: مومن وہ ہوتا ہے جس کے دل میں قرآن کی عزت اور خالص ایمان ہوتا ہے اور وہ اللَّه کی عبادت بجا لاتا ہے۔
مومن اللَّه کا اطاعت گزار اور اس کے پیغمبر کا تصدیق کنندہ ہوتا ہے۔

آپ سے پوچھا گیا کہ مومن کی علامات کیا ہیں؟
آپ نے فرمایا: مومن کی خصوصیات میں کچھ علامتیں ہیں:
اس کی نیند اس شخص کی نیند جیسی ہوتی ہے جو ڈوب رہا ہو۔
اس کی غذا کسی بیمار کی طرح سے ہوتی ہے۔
اور وہ پسر مردہ ماں کی طرح سے گریہ کرتا ہے۔
اس کا بیٹھنا کسی ہراساں فرد کی طرح سے ہوتا ہے۔

آپ نے فرمایا: مومن میں تین صفات ایسی جمع ہوتی ہیں جو کسی غیر مومن میں جمع نہیں ہوتیں:
1- وہ خدا کی معرفت رکھتا ہے۔
2- وہ اللّٰہ کے محبوب افراد کی معرفت رکھتا ہے۔
3- جن لوگوں سے اللّٰہ کونفرت ہے وہ انہیں بھی پہچانتا ہے۔

آپ نے فرمایا: مومن کی قوت اس کے دل میں ہوتی ہے
مزید فرمایا: مومن دین میں سخت پہاڑ سے بھی زیادہ مضبوط ہوتا ہے
کیونکہ حوادث کے نتیجہ میں پہاڑ کی اونچائی کم ہو سکتی ہے
لیکن مومن کے دین میں کچھ بھی کمی نہیں ہوتی۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ مومن اپنے دین کے متعلق انتہائی بخیل ہوتا ہے یعنی دن کو اپنے ہاتھ سے جانے نہیں دیتا۔

حبیب واسطی کا بیان ہے کہ امام جعفر صادق علیہ السلام نے فرمایا:
مومن کے لیے یہ بات انتہائی ناپسندیدہ ہے کہ وہ کسی ایسے فعل کی طرف شوق رکھتا ہو جو اس کی ذلت کا موجب ہو۔

حسین بن عمرو راوی ہیں کہ امام جعفر صادق علیہ السلام نے فرمایا:
مومن لوہے کے ٹکڑوں سے بھی زیادہ سخت ہوتا ہے۔
کیونکہ جب لوہے کو آگ میں ڈالا جائے تو اس کی رنگت بدل جاتی ہے
جب کہ مومن اتنا مضبوط ہوتا ہے کہ اگر اسے قتل کیا جائے پھر اٹھایا جائے اور پھر قتل کیا جائے تو بھی اس کا دل متغیر نہیں ہوتا

(علاماتِ شیعہ شیخ صدوق) ۔

ہو حلقۂ یاراں تو بریشم کی طرح نرم
رزمِ حق و باطل ہو تو فولاد ہے مومن
افلاک سے ہے اس کی حریفانہ کشاکش
خاکی ہے مگر خاک سے آزاد ہے مومن
(علامہ اقبال)

مومن اللّٰہ کے علاوہ کسی سے نہیں ڈرتا
ابوالعلاء راوی ہیں کہ امام جعفر صادق علیہ السلام نے فرمایا:
مومن وہ ہے جس سے ہر چیز ڈرے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ
مومن دینِ اللّٰہ میں صاحبِ عزت ہوتا ہے۔
مومن کسی چیز سے نہیں ڈرتا اور یہ ہر مومن کی علامت ہے۔
اللّٰہ ہر ایک کے دل میں مومن کا رعب پیدا کر دیتا ہے

صفوان جمال راوی ہیں کہ میں نے امام جعفر صادق علیہ السلام کو یہ کہتے ہوئے سنا‘ آپ نے فرمایا:
مومن کے لیے ہر چیز فرمانبردار اور اطاعت گزار ہوتی ہے۔

پھر آپ نے فرمایا: جب اس کا دل اللَّه کے لیے بااخلاص ہوتا ہے
تو اللَّه ہر چیز کے دل میں اس کا رعب و دبدبہ ڈال دیتا ہے یہاں تک کہ زمین کے جانور‘ درندے اور آسمانی پرندے تک بھی اس سے مرعوب ہوتے ہیں۔

(علاماتِ شیعہ شیخ صدوق)

پروردگار ہم سب کو مومن بننے کی توفیق عطا فرما
آمین یا رب العالمین

وَالسَّلَامُ عَلٰى مَنِ اتَّـبَعَ الْـهُدٰی
سورہ طہ "47”
التماسِ دعا
”روبی عابدی“

“” مومن کون “” پر 1 تبصرے

Leave a reply to princessnadra جواب منسوخ کریں