مایوسی کفر ہے

مایوسی کفر ہےامید ایمان ہے

مایوسی کفر ہے۔ کفرتباہی ہے۔ تباہی واضح ہے۔ واضح احساس ہے۔ یہ امید چاہتا ہے۔ امید کیا ہے؟ کہاں ہے؟ کیسے ہو؟

قرآن کہہ رہا ہے

وَلَا تَا۟يْـَٔسُوا۟ مِن رَّوْحِ ٱللَّهِ ۖ إِنَّهُۥ لَا يَا۟يْـَٔسُ مِن رَّوْحِ ٱللَّهِ إِلَّا ٱلْقَوْمُ ٱلْكَٰفِرُونَ

(سورہ یوسف/87 کا حصہ)

اور رحمت خدا سے مایوس نہ ہونا کہ اس کی رحمت سے کافر قوم کے علاوہ کوئی مایوس نہیں ہوتا ہے۔۔۔

مایوسی (despair) اس ذہنی یا نفسیاتی کیفیت کا نام ہے جس کے تحت ایک انسان یہ محسوس کرتا ہے کہ وہ جس تکلیف دہ صورتِ حال یا پریشان کن مسئلہ سے دو چار ہے اس سے نکلنے کا نہ کوئی امکان ہے نہ اس کے حل ہونے کی کوئی امید۔

معروف انگریزی لغات میں اس کی تعریف یوں کی گئی ہے:

‏“Despair_the complete loss or absence of hope; the feeling that there is no hope and that you can do nothing to improve a difficult or worrying situation”

مایوسی تاریکی ہے ، امید روشنی!

کلیہ یہ ہے کہ روشنی کی قربت اندھیرے کو دُور کردیتی ہے۔ مایوس ہونے والا شخص خداکی لامحدود قدرتوں پر شک کا اظہار کرتا ہے۔ یقین کے باب میں مایوسی سے بڑھ کر کوئی عیب نہیں۔ مایوسی ایک غیر فطری طرزِ فکر ہے۔

مایوسی ایک دلدل کی طرح ہے، اس میں قدم رکھنے والا اس میں دھنستا چلاجاتا ہے۔جب تک کوئی دستِ رحمت و شفقت اس کی دستگیری نہ کرےمایوسی کی دلدل میں گرنے والے کا انجام ہلاکت کے سوا کچھ اور نہیں ہوتا۔مایوسی فکر کی ایک بند گلی ہے۔

مایوسی خواہش کا سائیڈ ایفیکٹ ہے۔ خواہش کا بوجھ اٹھانے والا جس طرف بھی قدم اٹھاتا ہےاس کے راستے میں مایوسی کی تنگ راہیں ضرور آتی ہے ۔ہم جب تک خواہش کی گٹھری سے جان نہیں چھڑاتےمایوسی سے جان نہیں چھوٹتی۔

اگر ہمارے حالات خراب ہیں تو ایمان اور عقل دونوں کا واحد تقاضہ یہ ہے کہ ہم انہیں بدلنے کی ممکنہ کوشش کریں اور ہرگز مایوس نہ ہوں۔ اگر اس کے باوجود ہم انھیں بدل نہیں سکتے تو اس یقین اور توکل کے ساتھ ان پر صبر کریں کہ اس کائنات کا خالق و مالک، جو روزانہ کانٹوں بھری ٹہنیوں پر نرم و نازک، خوش رنگ، حسین اور خوشبو دار پھول کِھلاتا ہے، جو رات کی تاریکیوں کے ہجوم سے روشن دن نکالتا ہے؛ جو گائے، بکری اور دیگر جانوروں کے پیٹ میں غلاظتوں کے درمیان سے صاف و شفاف، ذائقہ دار اور غذائیت بخش دودھ کشید کرتا ہے، وہ انھیںخراب حالاتکو ہمارے لئے، جلد یا بدیر، ایک بہتر زندگی اور کامیابی کا ذریعہ بنا دے گا۔

(اقتباس)

پیوستہ رہ شجر سے امید بہار رکھ

"وَالسَّلَامُ عَلٰى مَنِ اتَّـبَعَ الْـهُدٰى

(سورہ طہ-47)

التماسِ دعا

"روبی عابدی"

“مایوسی کفر ہے” پر 1 تبصرے

تبصرہ کریں